بنگلورو،6؍مارچ (ایس اونیوز) ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ حلقہ کے ضمنی انتخابات کے پس منظرمیں میسور ضلع کے ایک کانگریس رکن اسمبلی نے بی جے پی کے ایک لیڈر سے ایک کروڑ روپے رشوت لی ہے۔ بی جے پی اب یہ دعویٰ کررہی ہے کہ اس رشوت خوری معاملہ کی سی ڈی ان کے پاس ہے جسے وہ جلد ہی منظر عام پر لے آئے گی۔ بی جے پی کے اس الزام کے بعد اب سیاسی حلقوں میں اس معاملہ پر تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس سی ڈی میں جب جب رقم پہنچائی گئی اس کی ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے اور یہ سی ڈی بی جے پی گنڈل پیٹ اور ننجنگڈھ کے ضمنی انتخابات کے موقع پرمنظر عام پر لے آنے والی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس کانگریس لیڈر نے بی جے پی رکن اسمبلی سے یہ کہہ کر بارہا رقم حاصل کی ہے کہ وہ مالی پریشانیوں کا شکار ہیں اور جب بی جے پی رکن نے ان سے رقم طلب کی ہے تو انہوں نے یہ بہانہ بنایا ہے کہ ان کے پاس اب رقم خرچ ہوچکی ہے۔ رقم حاصل ہونے پر اسے واپس ادا کریں گے۔